نئی دہلی، 30/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) مرکزی حکومت نے اونم اور رکھشا بندھن کے موقع پرملک کے33کروڑ ایل پی جی صارفین کو تحفہ دیتے ہوئے فی سلنڈر قیمت میں 200روپے کی کمی کرنے اور 75لاکھ نئے اُجولا کنکشن جاری کرنے کا اعلان کیا۔یہ فیصلہ یہاں وزیر اعظم مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ میٹنگ میں کیا گیا۔مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ سنگھ ٹھاکر نے اس تعلق سے پریس کانفرنس میں کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہنوں کو تحفہ کے طور پر وزیر اعظم مودی کا یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُجولا یوجنا کے مستفیدین کو بھی اس کا فائدہ ملے گا۔ انہیں200 روپے کی موجودہ سبسیڈی کے ساتھ ہی 200 روپے کی مزید کمی کا فائدہ بھی ملے گا۔ اس سے ان کے 400روپے بچیں گے۔
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک میں 75لاکھ نئے اجولا گیس کنکشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح پردھان منتری اجولا یوجنا کے مستفیدین کی تعداد10 کروڑ 35لاکھ ہو جائے گی۔حکومت نے صارفین کے لئے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کمی کی ہے اور اس کیلئے انڈین آئل، ایچ پی سی ایل اور بی پی سی ایل کو سبسیڈی دی جائے گی۔اس وقت ممبئی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت1052؍ روپے ہے اوراس کی قیمت200 روپے کم ہوجانے پر یہ851 روپے میں دستیاب ہو گا۔ یاد رہے کہ تمام مارکیٹنگ کمپنیوں نے جولائی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ۵۰؍ روپے کا اضافہ کیا تھا۔ اس سے قبل مئی میں قیمتوں میں دو مرتبہ اضافہ کیا گیا تھا۔
گیس سلنڈروں کی قیمت میں تخفیف پر اپوزیشن نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ کانگریس نے اس تعلق سے کہا کہ عوام کو راحت دینے والے کسی بھی فیصلہ کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے لیکن اس کے وقت پر بھی غو ر کیا جانا چاہئے ۔ پارٹی کے مطابق چونکہ اگلے کچھ میں ماہ میں کئی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہیں جہاں عوام مہنگائی سے بے حال ہیں اس لئے مرکز کو یہ فیصلہ مجبوراً کرنا پڑا۔ 9 سال سے عوام پر مہنگائی مسلط ہے جسے اتنے معمولی قدم سے دور نہیں کیا جاسکتا ۔